اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف سے کنارہ کشی اختیار کرنے والے گلوکار ابرارالحق نے پارٹی اور سیاست چھوڑنے کے فوراً بعد لندن میں میوزک کانسرٹ میں شرکت کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے مداحوں سے معافی مانگ لی۔ابرارالحق نے پی ٹی آئی اور سیاست چھوڑنے کے اعلان کے ایک روز بعد لندن کے ایک میوزک کانسرٹ میں پرفارم کیا تھا، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔
ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا میڈیا صارفین نے انہیں کافی تنقید کا نشانہ بنایا، یہی نہیں بلکہ لندن میں بھی میڈیا ٹاک کے دوران انہیں چاروں طرف گھیر لیا گیا تھا جس کی وجہ سے پریس ٹاک بدنظمی کا شکار ہوگئی۔گزشتہ روز ابرارالحق نے معاملے پر خاموشی توڑتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پارٹی سے مستعفی ہونے سے کچھ ماہ قبل کانسرٹ کے لیے معاہدہ طے ہوچکا تھا۔گلوکار نے ایک انٹرویومیں واضح کیا کہ یہ کانسرٹ سہارا ٹرسٹ کے بینر تلے ایک ہسپتال کے لیے چیریٹی ایونٹ کے طور پر منعقد کیا گیا تھا، وہ کہتے ہیں کہ میں نے بغیر کسی معاوضے کے صرف ’سہارا فار لائف ٹرسٹ‘ کے لیے کانسرٹ میں پرفارم کیا تھا۔