خرطوم (این این آئی )سوڈان میں فوج اور نیم فوجی گروپ آر ایس ایف کے درمیان لڑائی کے باعث ہونے والے ایک سڑے سانحے نے دنیا بھر میں لوگوں کے دل دہلا کر رکھ دیے ہیں۔ دو روز قبل خرطوم میں یتیم خانے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگیں
اور سوڈان میں ہیش ٹیگ #Al-Maygoma ٹرینڈ کرنے لگا۔میڈیارپورٹس کے مطابق شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں خوف و ہراس کی کیفیت کے درمیان یتیم خانے کے قریب ایک گولہ گر را اور شیر خوار بچوں کے رونے کی آوازیں آرہی ہیں۔ مائگوما کے نام سے مشہور یتیم بچوں کی دیکھ بھال کے اس گھر کا یہ المیہ چند ہفتے قبل کا ہے۔یتیم خانے دار المائگوما کے میڈیکل ڈائریکٹر عبیر عبد اللہ نے کہا کہ دارالحکومت خرطوم میں فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان تصادم کے پھوٹ پڑنے کے بعد کے دنوں میں درجنوں بچے اور شیر خوار غذائی قلت کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے گئے ،عبیر نے بتایا کہ کس طرح بچوں کے رونے کی آواز پورے یتیم خانہ میں گونج رہی تھی۔ شدید آگ نے اردگرد کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ یتیم خانہ میں بچوں کی دیکھ بھال کے لیے کافی عملہ موجود نہیں تھا۔ گرائونڈ فلور پر واقع اس کا میڈیکل کلینک میں بہت کمزور نومولود بچے موجود تھے۔ ان میں سے کچھ تیز بخار کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان بچوں کو ہر تین گھنٹے بعد دودھ پلانے کی ضرورت تھی مگر وہاں دودھ پلانے والا کوئی موجود نہیں تھا۔