اسلام آباد (این این آئی)وزیرخزانہ سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ حکومت کاروبار اورسرمایہ کاری دوست بجٹ کیلئے اقدامات کررہی ہے، ملک کے دیوالیہ ہونے کی باتیں کرنے والے اندرونی اوربیرونی ناقدین کوہم نے مایوس کردیا ہے، تحریک انصاف حکومت کے اقدامات سے دنیا کی 24ویں بڑی معیشت کو 47 ویں نمبرپرپہنچایاگیا۔
وہ منگل کویہاں ایف بی آرہیڈکوارٹرز میں نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ کے حوالہ سے تجاویز اورسفارشات کے ضمن میں لاہور اورفیصل آباد ایوان ہائے صنعت وتجارت کے عہدیداروں سے خطاب کررہے تھے۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ ملکی حالات سے کاروباری لوگ زیادہ آگاہ ہیں اور یہ کوئی آئیڈئیل وقت نہیں ہے تاہم ماضی میں تاجروں اورصنعت کاروں کی مدد اور معاونت سے پاکستان 2013 میں مشکلات سے نکل آیاتھا اورپاکستان دنیا کی 24 ویں بڑی معیشت بن گئی تھی،اس وقت عالمی بینک اوردیگرعالمی ادارے پاکستان کی تعریف کررہے تھے، پالیسی ریٹ سوا پانچ روپے تھا، زرمبادلہ کے ذخائرزیادہ تھے، مارکیٹ کیپٹلائزیشن 100 ارب ڈالرسے زیادہ ہوگئی تھی اور پاکستان سرمایہ کاری کیلئے دنیا کادوسرا بڑا پسندیدہ ملک بن گیاتھا، اس وقت جی 20میں پاکستان کی شمولیت کی باتیں ہورہی تھی۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ جب ملک ترقی کرنے لگتا ہے تو کوئی سانحہ رونما ہوتا ہے، بدقسمتی سے گزشتہ 4 سالوں میں دنیا کی 24 ویں بڑی معیشت کو 47 ویں معیشت بنادیا گیا۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ ہمیں ملک کوآگے لیکرجاناہے، حکومت کی کوشش ہوگی کہ حالات کے مطابق بجٹ بنائیں اور کاروبارپرمزید بوجھ نہ ڈالا جائے۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ ملک کواس وقت جن مشکلات کاسامنا ہے وہ پی ٹی آئی حکومت کی گزشتہ 4 سالوں کی پالیسیوں کانتیجہ ہے
سابق حکومت نے 2019 میں آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کیاتھا مگرحکومت ختم ہونے کایقین ہونے کے بعد انہوں نے معاہدے سے روگردانی کی جس سے ملک کیلئے شدید مشکلات پیداہوئیں۔ سابق حکومت نے یہ معاہدہ کیاتھا مگرچونکہ یہ پاکستان کی کمٹمنٹ تھی اس لئے ہم نے مشکل ترین فیصلے کئے۔
انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف پروگرام کے حوالہ سے ہم نے تمام پیشگی اقدامات کرلئے ہیں، فارن کرنسی اکائونٹ کے حوالہ سے بعض امورہیں جنہیں حل کیا جارہاہے، وزیراعظم اورمیری ٹیم کی پوری کوشش ہے کہ معیشت کو درست سمت میں گامزن کیاجائے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کے حوالہ سے پراپیگنڈہ کیاگیا کہ ملک ڈیفالٹ ہورہاہے مگراللہ کے فضل سے ملک دیوالیہ نہیں ہوگا اور ناقدین کو ہم نے اس حوالہ سے مایوس کردیاہے۔ ہم وہی کچھ کریں گے جوملک کیلئے بہترہو، کوشش ہو گی کہ بجٹ میں تاجروں اورسرمایہ کاروں کی تجاویز کوشامل کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ معاشی مشکلات سے ماضی کی طرح نکل آئیں گے کیونکہ ہماری نیت صاف ہے۔مشکل وقت نکل جاتاہے۔ہم نے معیشت کو نیچے گرنے سے روک دیا ہے، ہماری ٹیم نے تمام بیرونی ادائیگیوں کو وقت پرپورا کرنے کویقینی بنایا ہے، معاملات بہتر ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ بعض سیاستدانوں کوخوف خدانہیں ہے، انہوں نے ریڈیوپاکستان کوآگ لگائی ہے اس آگ کوبجھانے میں وقت لگتاہے، پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، مشکل وقت ہے مگر یہ وقت گزرجائیگا اورحالات انشا اللہ بہتر ہوجائیں گے۔