اسلام آباد(این این آئی)پاکستان تحریک ترقی وکمال پارٹی کے چیئرمین میجر جنرل(ر)فرخ بشیر نے 9مئی کے پر تشدد واقعات کی پر زور الفاظ مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی املاک کو نقصان پہنچانے میںملوث ملزمان کو سخت سزائیں دی جائیں اور پر تشدد واقعات کے اصل محرکات کو تلاش کیا جائے،جب تک قوم کی درست سمت میں تربیت نہیں ہوگی ہمیں اس سے بھی بدتر نتائج بھگتنا پڑینگے۔
وہ گزشتہ روز نئی آبادی سوہان میںکیپٹن (ر)محمد اشرف وارثی کی زیر صدارت تکر یم شہداء اور پاک افواج سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں میجر جنرل(ر)وقار احمد،میجر جنرل(ر)چنگیز دل خان،حاجی عبد المناف کے علاوہ معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔میجر جنرل(ر)فرخ بشیر نے کہا کہ گزشتہ تین سال کے دوران ملک میں شدید تنائو اور کشید گی پائی جا رہی ہے جسے ختم اور ٹھنڈا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال سے زائد عر صہ سے پاک افواج اور عوام کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کی جا رہی ہیں پاک فوج کو کمزور کرنا در اصل پاکستان کو کمزور کرنے کے مترادف ہے، سیاسی جماعتوں میں سارے گندے لوگ نہیں ہوتے اچھے لوگ بھی پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چند غلط لوگوں نے پاک افواج کی املاک اور مجسموں کی بے حرمتی کی ہے جو آلہ کار بنے ہوتے ہیں۔میجر جنرل(ر)فرخ بشیر نے کہاکہ شہید کے مرتبے میں کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے، اللہ تعالی نے خود انکے بارے میں قران پاک میں واضح پیغام دیا ہے۔انہوںنے کہاکہ در اصل ہماری قوم میں تربیت کا فقدان ہے جس نے بھی پاک فوج اور دیگر قومی املاک کو نقصان پہنچایا وہ انکی تربیت کا پتہ بتا دیتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب تک قوم کی درست سمت میں تربیت نہیں ہوگی ہمیں اس سے بھی بدتر نتائج بھگتنا پڑینگے۔تقریب سے مفتی فیض الحق فیضی،قاری زاہد الرحمن و دیگر نے بھی خطاب کیا۔