لاہور (این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل نے منظوری کیلئے ایک اور رکاوٹ عبور کر لی، پی سی بی کیلئے ایشیا کپ میں راہیں ہموار ہونا شروع، افغانستان اور نیپال نے بھی پاکستان میں کھیلنے کیلئے رضامندی ظاہر کردی۔ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش اور سری لنکا کے بعد افغانستان اور نیپال نے بھی پاکستان میں کھیلنے کیلئے رضامندی ظاہر کردی، دونوں نے ای میل کے ذریعے پی سی بی کو پاکستان میں کھیلنے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی کے ہائبرڈ ماڈل میں بھارت کا پاکستان میں کھیلنا سرے سے شامل ہی نہیں، اس لیے بھارت کا ہائبرڈ ماڈل پر اعتراض کسی اہمیت کا حامل نہیں۔ذرائع کے مطابق ہائبرڈ ماڈل میں شامل دیگر تمام کرکٹ بورڈز نے پاکستان کو سپورٹ کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے، ہائبرڈ ماڈل کے منظور ہونے کے بعد نیوٹرل وینیو پر بات چیت ہو سکتی ہے۔ذرائع کے مطابق دیگر بورڈز تاحال عرب امارات میں کھیلنے پر آمادہ نہیں اور انہوں نے ستمبر میں یو اے ای میں گرمی کے باعث کھلاڑیوں کی انجری کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی ٹکٹوں کی زیادہ فروخت اور گیٹ منی کے باعث یو اے ای میں ایشیا کپ کروانا چاہتا ہے، ماضی میں ستمبر میں ہوئے ایشیا کپ اور آئی پی ایل کی بنیاد بنا کر پی سی بی اپنا موقف پیش کرے گا۔