چندی گڑھ(این این آئی)بھارتی شہر چندی کے پوسٹ گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ (پی جی آئی ایم ای آر)کی انتظامیہ نے نرسنگ کی 36 طالبات کو وزیر اعظم نریندر مودی کی ماہانہ ریڈیو تقریر’’من کی بات‘‘ نہ سننے پر ایک ہفتے کے لیے ہاسٹل چھوڑنے سے روک دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق’’پی جی آئی ایم ای آر‘‘ انتظامیہ نے اپنے ایک تحریری حکمنامے میں نرسنگ کے تمام طالبات کو ہدایت کی تھی کہ وہ 30اپریل کو نشر ہونے والی نریندر مودی کی ’’من کی بات‘‘ کی 100ویں قسط سننے کیلئے کیمپس میں لازمی موجود رہیں تاہم 36طالبات نے تقریر نہیں سنی جس پر انتظامیہ نے بطور سزا انہیں ایک ہفتے کیلئے ہوسٹل سے باہر جانے سے روک دیا۔دریں اثنا چندی گڑھ یوتھ کانگریس کے صدر منوج لبانا نے ایک بیان میں ’’پی جی آئی ایم ای آر‘‘ کی انتظامیہ کے اقدام کو آمرانہ فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا اسکا مقصد طالبات کو ہراساں کرنا ہے ۔