اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارت کی ریاست راجستھان میں کمبل اور چادر کے معمولی جھگڑے نے ایک فوجی اہلکار کی جان لے لی۔ یہ افسوسناک واقعہ چلتی ٹرین میں پیش آیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، فوجی اہلکار جگر چوہدری دو نومبر کو چھٹی پر گجرات کے شہر سابرمتی جا رہا تھا جب دورانِ سفر یہ واقعہ پیش آیا۔
سفر کے دوران جگر چوہدری نے ٹرین اٹینڈنٹ سے چادر اور کمبل مانگا، لیکن اٹینڈنٹ کے انکار پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی۔
بات بڑھی تو معاملہ ہاتھا پائی تک جا پہنچا۔
رپورٹس کے مطابق، جھگڑے کے دوران ٹرین اٹینڈنٹ نے چاقو سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں فوجی شدید زخمی ہوگیا۔ خون زیادہ بہنے کی وجہ سے جگر چوہدری نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا اور اس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
دوسری جانب، ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متعلقہ اٹینڈنٹ کو ایک ٹھیکیدار کے ذریعے تعینات کیا گیا تھا، تاہم قتل کے بعد اسے برطرف کر دیا گیا ہے۔















































