اسلام آباد (نیوزڈ یسک)امریکی الیکٹرک کار ساز کمپنی ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایلون مسک کو تاریخ کا سب سے بڑا کارپوریٹ پے پیکیج مل گیا ہے، جس کے بعد ان کے دنیا کے پہلے کھرب پتی شخص بننے کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ٹیسلا کے تقریباً 75 فیصد سرمایہ کاروں نے ایلون مسک کے لیے ایک ریکارڈ ایک ٹریلین ڈالر (تقریباً 2810 کھرب روپے) مالیت کا پے پیکیج منظور کر لیا۔کمپنی کے بورڈ نے خبردار کیا تھا کہ اگر مسک کو یہ مراعات نہ دی گئیں تو وہ کمپنی چھوڑ سکتے ہیں، جبکہ ٹیسلا کی مستقبل کی ترقی مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس کے میدان میں ان کے وژن سے جڑی ہوئی ہے۔
اس اعلان کے بعد امریکا میں آمدنی کی عدم مساوات پر نئی بحث چھڑ گئی، اور ناقدین نے اس پیکیج کو معاشی خلیج میں اضافے کی علامت قرار دیا۔رپورٹس کے مطابق، ایلون مسک کا معاوضہ ٹیسلا کے مستقبل کے منصوبوں، جیسے خودکار گاڑیاں، روبوٹکس نیٹ ورک، اور انسان نما روبوٹس کی فروخت سے وابستہ ہوگا۔اگرچہ بعض بڑے سرمایہ کاروں اور مشاورتی اداروں نے اس پیکیج کو “انتہائی مہنگا” اور “غیر ضروری” کہا، تاہم ٹیسلا بورڈ نے مؤقف اپنایا کہ یہ فیصلہ مسک کو کمپنی سے وابستہ رکھنے اور طویل مدتی استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔سالانہ اجلاس میں ایلون مسک نے انکشاف کیا کہ ٹیسلا اپریل سے دو نشستوں والی روبو ٹیکسی “سائبر کیب” کی پیداوار کا آغاز کرے گی۔















































