واشنگٹن (این این آئی)امریکی صدر بائیڈن نے کہا ہے کہ امریکا یا اس کے اتحادیوں پر شمالی کوریا کے جوہری حملے کا نتیجہ کم جونگ ان کی اپنی حکومت کا خاتمہ ہوگا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق واشنگٹن میں جنوبی کورین صدر یون سک یول کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ امریکا، اس کے اتحادیوں یا شراکت داروں پر شمالی کوریا کا جوہری حملہ ناقابل قبول ہوگا۔انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ نے جوہری حملہ کیا تو ان کی اپنی حکومت ختم ہوجائے گی۔اس موقع پر جنوبی کورین صدر کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کے ساتھ امن طاقت کے ذریعے آئے گا۔جنوبی کوریا کے صدر نے مزید کہا کہ صدر بائیڈن کے ساتھ اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ خیر سگالی کی بنیاد پر گمراہ کن امن کے بجائے طاقت کی برتری سے ہی امن حاصل ہوگا۔