اسلام آباد (این این آئی)آزاد جموں و کشمیر کے نو منتخب وزیراعظم چوہدری انوار الحق کی جانب سے حلف اٹھائے جانے کے 10گھنٹوں کے اندر اندر گڈ کورننس اور قانون کی حکمرانی کیلئے انقلابی احکامات صادر کر دئیے گئے ہیں،
وزیراعظم نے پروٹوکول سے مکمل اور سیکیورٹی سے جزوی دست برداری کا اعلان کیا ہے اور وزیراعظم سیکرٹریٹ سمیت تمام سیکرٹریز اور سربراہ ادارہ جات کے زیر قبضہ بغیر استحقاق گاڑیاں اگلے 72 گھنٹوں میں ٹرانسپورٹ پول میں جمع کروانے کا حکم دیا ہے جبکہ حکم عدولی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کا بھی عندیہ دیا ہے، وزیراعظم نے بجٹ 2022/2023 میں تمام سیکرٹریز حکومت کو اضافی فنڈز مانگنے کی جوازیت فراہم کرنے کا حکم بھی جاری کیا ہے اور پرنسپل سیکرٹری وزیراعظم سیکرٹریٹ کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ گزشتہ ایک سال میں ایک ارب سے زائد اضافی فنڈز طلب کیے جانے کی جوازیت 72گھنٹوں میں فراہم کی جائے تاکہ بے ضابطگیوں پر فوری کارروائی کا عمل شروع کیا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق نومنتخب وزیراعظم کے اقدامات سے سابق وزیراعظم کے مبینہ طور پر میگا کرپشن سکینڈل کے بے نقاب ہونے کا امکان ہے۔