لاہور (این این آئی)نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں ناقابل شکست شاندار سنچری اسکور کرنے والے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ کہ میچ کا آخری اوور ان کے لیے بہت خاص تھا۔گزشتہ روز میچ کے بعد آل راؤنڈر عماد وسیم سے بابر اعظم نے گفتگو کی جس کی ویڈیو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جاری کی ہے۔
گفتگو میں کپتان نے کہا کہ میرا مائنڈ سیٹ ہمیشہ پازیٹو رہتا ہے،کوشش یہی ہوتی ہے کہ اپنی گیم کو بہتر سے بہتر کروں، ٹیم کی اور صورتحال کی جو ضرورت ہوتی ہے اس کے مطابق کھیلتا ہوں۔کپتان نے کہا کہ اس میچ کے پہلے دس اوورز میں ہم بہت اچھی پوزیشن میں تھے، بیک ٹو بیک وکٹیں گرنے سے مجھے خود کو تھوڑا روکنا پڑا،پھر مجھے ایک ایسا اوور ملا جس سے میں نے مومینٹم حاصل کیا، محمد رضوان کے ساتھ بیٹنگ کرکے اعتماد محسوس کرتا ہوں۔بابر نے کہا کہ ہم دونوں کی کمیونیکیشن پازیٹو ہے، پلان کے مطابق چلتے ہیں، یہی کوشش ہوتی ہے کہ اگر ایک آؤٹ ہو جائے تو دوسرا آخر تک میچ کو لیکر جائے۔انہوں نے کہا کہ بیٹرکے طور پر آپ کو پتہ ہوتا ہے کہ آپ کہاں کمزور ہیں اور آپ کہاں بہتر ہو سکتے ہیں، پریکٹس کرکے آپ ان چیزوں کو مزید بہتر کرتے ہیں جس سے فائدہ ہوتا ہے۔100 رنز سے متعلق بابر نے کہا کہ سنچری کے حوالے سے بالکل ذہن میں نہیں تھا،بس یہ تھا کہ ٹیم کو 185 رنز تک لے جائیں، میٹ ہنری کے خلاف جب میں نے رنز کیے تو افتخار احمد نے کہا آپ سنچری کر سکتے ہیں،آخری اوور میں پندرہ سولہ رنز درکار تھے، چھکا اور پھر چوکا لگا، افتخار نے کہا کہ جہاں گیند آتی ہے وہاں مار دو، ہو جائیگی سنچری اور پھر ایسے ہی ہوا۔بابر اعظم نے کہا کہ میری اننگز کافیورٹ لمحہ آخری اوور تھا۔