لاہور( این این آئی)محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ نے چینی کی 6ہزار بوریاں افغانستان سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ۔ محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ نے مریدکے کے بعد صادق آباد میں کامیاب چھاپے مارے اور اے این انڈسٹریز میں چاول کی بوریوں کے درمیان چھپائی گئی تقریباً6 ہزار بوری چینی برآمدکرلی۔ بتایا گیا ہے کہ چینی کے ایل پی روڈ کے نزدیک افغانستان سمگل کرنے کے لیے چھپائی گئی تھی چینی کی مارکیٹ میں قیمت پونے چار کروڑ روپے ہے۔ سیکرٹری خوراک محمد زمان وٹو نے کہا کہ ہمارے پاس تمام بڑے ذخیرہ اندوزوں کا ڈیٹا آ چکا ہے،ذخیرہ اندوزوں اور سمگلروں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا ،تمام بڑے سمگلرز اور سٹہ بازوں کے خلاف ایم پی او کے تحت نظر بند کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو کیس بھجوائے جائیں گے،ملک میں چینی 150 روپے کلو تک کرنے کی سازش کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔