لاہو ر( مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی)پشاور زلمی کے کپتان نے بڑے ہدف کے باوجود کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے شکست کی وجہ بتا دی۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ میچ کے بعد راولپنڈی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے ہر طرح
کی باولنگ کی لیکن جیسن رائے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے بہت اچھا کھیلا، پنڈی کی وکٹ بیٹنگ کے لئے ہمیشہ سے موضوع ہوتی ہے، جس کا فائدہ ہم نے اٹھایا تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم بھی پیچھے نہیں رہی۔اتنے بڑے سکور کے باوجود شکست پر مایوسی ہوئی مگر اگلے میچز میں جیت کے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔دوسری جانب نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر سائمن ڈول نے ایک بار پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم پر تنقید کے نشتر چلادیئے۔بدھ کے روز راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف اپنی پہلی سنچری بنانے والے پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم کی اننگز پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا بابر ذاتی سنگ میل کے لیے سست ہو گئے تھے؟۔میچ کی کمنٹری کے دوران سائمن ڈول نے اپنے ذاتی سنگ میل کو ٹیم سے اوپر رکھنے پر بابراعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انہیں سینچری کے وقت رن ریٹ کو کم کرنے کے بجائے بانڈریز تلاش کرنے پر توجہ دینی چاہیے تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ بابراعظم کی اننگز اعداد و شمار کے لحاظ ہے بہترین ہے لیکن انہیں ٹیم کیلئے کھیلنے کی ضرورت ہے۔