نوشہرہ(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما پرویز خٹک نے کہاہے کہ حکومت کی نااہلی سے4.5ارب ڈالر کے زرمبادلہ ذخائر رہ گئے ہیں، حکومت کے پاس صرف 25روز کی درآمدات کے لیے ذخائر رہ گئے۔کوآرڈینٹر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہاکہ حکومت مہنگائی سے دامن بچانے کے لیے سارا ملبہ آئی ایم ایف پر گرا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی ناکام پالیسوں سے ملک دیوالیہ ہونے کی طرف جا رہا ہے، موجودہ حکومت تاریخی کی نااہل ترین حکومت ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ حکومت نے کم عرصے میں ملک کو مسائل کی دلدل میں جھونک دیا ہے، مسلم لیگ ن اور ان کی حواریوں کی حکومت میں آٹا بھی ناپید ہوگیا ہے۔پرویز خٹک نے کہاکہ آٹے کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ حکومت کی نااہلی کا ثبوت ہے، تمام مسائل کا حل فوری انتخابات ہیں۔