اسلام آباد(آئی این پی)پبلک اکاونٹس کمیٹی کے اجلاس میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے دور میں جمع ہونے والے ڈیم فنڈز کے معاملے پر چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پبلک اکاونٹس کمیٹی کے خصوصی اجلاس میں آڈیٹر جنرل ڈیم فنڈز کے معاملے پر پیش ہوئے، انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ ڈیم فنڈ میں جمع ہونے والے پیسوں کا ریکارڈ فراہم نہیں کیا جارہا۔اس موقع پر چیئرمین پی اے سی نور عالم خان نے کہا کہ چیف جسٹس اپنے پرنسپل اکانٹنگ افسر کو ہدایت دیں کہ وہ آڈیٹر جنرل کو معلومات فراہم کرے، احتساب، عدالت اور آئین کی بالا دستی کیلئے یہ ضروری ہے، ہمیں آگاہ کیا جائے کہ بھاشا ڈیم کیلئے کہاں سے، کیسے اور کتنا پیسا جمع ہوا۔چیئرمین پی اے سی نور عالم خان نے کہا کہ سننے میں آیا ہے کہ اسٹیٹ بینک سے بھی کہا گیا ہے کہ ریکارڈ نہ دیں، ڈیم فنڈ میں لوگوں نے دس دس روپے سے لے کروڑوں اور اربوں روپے جمع کروائے ہیں، چیف جسٹس پاکستان غیر آئینی اقدام میں ملوث افراد کے خلاف ایکشن لیں۔