اسلام آباد (این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں روایت ہے کہ سابق کھلاڑیوں کو عزت نہیں دی جاتی۔غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ پی سی بی میں آنے والا نیاوفد بورڈ پر زبردستی حکومت کرنا چاہتاہے،
ایسی تبدیلیوں سے پاکستان کرکٹ کا سسٹم نیچے چلا جاتاہے، نئے آئین کے آنے سے پاکستان کرکٹ تنزلی کا شکار ہوجاتاہے، پی سی بی میں بار بار تبدیلیوں سے کھلاڑیوں کااعتماد کم ہوجاتاہے۔رمیز راجہ نے کہا کہ میوزیکل چیئر سے چیئرمین کی تبدیلی جیسی وجوہات سے پاکستان کرکٹ تنزلی کا شکارہوجاتی ہے،ایسے اقدامات سے پاکستان کرکٹ ہمیشہ معمولی نوعیت کی ہی رہیگی۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی سیریز کے بعد پاکستان کے بیٹرز کا اسٹرائیک ریٹ بہتر ہوگیا ہے، کرکٹ میں شکست کئی بار آپ کو بہتر بنا دیتی ہے، انگلیڈ سے شکست کے بعد بابراعظم کی کپتانی میں بہتری آئیگی۔رمیز راجہ نے کہا کہ ایشیاکپ پاکستان سے کسی نیوٹرل جگہ پرلے کر جانا مجھے گوارا نہیں تھا، بھارتی بورڈ نے بیان جاری کرنے سے قبل ایشین کرکٹ کونسل سے بھی نہیں پوچھا۔انہوں نے کہا کہ 20سال کمنٹری کرنے کے بعد کرکٹ پر تجزیہ کرنا آسان ہوتا ہے، عمران خان میرے سینیئر اور ملک کے لیڈر ہیں، کرکٹ کے لحاظ سے عمران خان ہمیشہ ہمارے ہیرو رہیں گے۔