اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو زمان پارک طلب کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں کو تحلیل کرنے کے بعد کے لائحہ عمل پر آج مشاورت کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبر پختون خوا اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان آج اپنی لیگل ٹیم کے ساتھ مشاورت کریں گے۔ذرائع کے مطابق قانونی ماہرین کی ٹیم عمران خان کو ان کے مختلف کیسز سے متعلق بریف کرے گی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ مشاورت کے دوران پی ڈی ایم رہنماؤں کی نیب کیسز میں بریت کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کے معاملے کو حتمی شکل دی جائے گی۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان سے پارٹی کے سینئر رہنما آج بھی زمان پارک میں ملاقات کریں گے۔