اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کو اعتماد کے ووٹ کے ذریعے ہٹانے کے اپنے پہلے کے فیصلے سے پیچھے ہٹ گئی۔ پی ٹی آئی کی سینیٹ کی قیادت نے بھی واضح کیا ہے کہ ان کا ایوان بالا سے استعفیٰ دینے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ روزنامہ جنگ میں صالح ظافر کی خبر کے مطابق باخبر ذرائع نے بتایا کہ حکمراں پی ڈی ایم سینیٹ چیئرمین کے بارے میں مطمئن نہیں اور چیئرمین کو تبدیل کرنے کے معاملے پر غور کر رہی ہے لیکن پی ٹی آئی کے نقطہ نظر کو سمجھتے ہوئے اس نے اس منصوبے کو روک دیا۔ سابق وفاقی وزیر اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بتایا کہ پارٹی قیادت کے پاس اب چیئرمین کے خلاف عدم اعتماد کا ووٹ لانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے حالانکہ وہ ایوان کو غیر جانبداری سے نہیں چلا رہے۔