لاہور( این این آئی)برطانوی اشاعتی ادارے دی اکنامسٹ گروپ کی رپورٹ کے مطابق کراچی دنیا کے سستے ترین شہروں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر ہے۔تحقیقاتی اور تجزیاتی شعبے دی اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ نے رواں برس دنیا بھر کے 174 شہروں میں مہنگائی اور اس کے عوام پر اثرات کے جائزے کے لیے سروے کیا ہے۔
سروے کے مطابق دنیا کے بڑے شہروں میں گزشتہ سال کے دوران مقامی کرنسی کے لحاظ سے بنیادی ضروریات کی سہولیات اور اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اوسطاً8.1 فیصد اضافہ ہوا ہے اور یہ شرح گزشتہ 20 سال کی بلند ترین سطح ہے، جس کی وجہ یوکرین میں جنگ اور چین میں کورونا کی پابندیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے عالمی لاگت ہے۔رپورٹ کے مطابق ترکی کا شہر استنبول ، ارجنٹائن کا بیونس آئرس اور ایران کے دارالحکومت تہران میں مہنگائی سب سے زیادہ بڑھی،وینزویلا کے شہر کراکس میں تو ایک سال کے دوران مہنگائی کی شرح 132 فیصد دیکھی گئی۔ورلڈ وائڈ کاسٹ آف لیونگ انڈیکس کے مطابق سب سے زیادہ اضافہ پیٹرول کی قیمت میں ہوا، پیٹرول کی قیمتوں میں مقامی کرنسی کے لحاظ سے سالانہ اوسطاً 22 فیصد اضافہ ہوا ہے۔مغربی یورپ کے شہروں میں مقامی کرنسی کے لحاظ سے گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اوسطاً29 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ عالمی سطح پر گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اوسطاً11 فیصد اضافہ ہوا ہے۔اسی طرح روس پر عائد تجارتی پابندیوں کے باعث خوراک اور گھریلو سامان کی قیمتیں بھی بڑھی ہیں۔ اس کے برعکس آرائشی اور تفریحی سامان اور خدمات کی قیمتیں کم ہوئی ہیں جس کی وجہ صارفین کی جانب سے بنیادی ضروریات کر ترجیح دینا ہے۔دی اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ کئی برسوں کی طرح رواں برس بھی سنگا پور دنیا کا مہنگا ترین شہر ہے
لیکن اس بار اس کے ساتھ نیویارک بھی سرفہرست ہے۔دنیا کے مہنگے ترین شہروں میں تل ابیب ، ہانگ کانگ ، لاس اینجلس ، زیورخ، جنیوا، سان فرانسسکو، پیرس، کوپن ہیگن اور سڈنی ہیں۔سروے رپورٹ کے مطابق دنیا کا سب سے سستا شہر شام کا دارالحکومت دمشق ہے جس کے بعد لیبیا کا شہرطرابلس ، ایران کا دارالحکومت تہران دنیا کا تیسرا سستا ترین شہر قرار پایا ہے۔روشنیوں کے شہر کراچی کو پاکستان میں غریب پرور شہر کیا جاتا ہے، عالمی سطح پر بھی اس کی شہرت ایسی ہی ہے۔رپورٹ کے مطابق زندگی گزارنے کے لیے بنیادی اخراجات کے اعتبار سے کراچی دنیا کا چھٹا سستا ترین شہر ہے، اس سے زیادہ سستے شہر دمشق، طرابلس، تہران، تیونس اور تاشقند ہی ہیں۔