لاہور (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سابق وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے صوبائی اسمبلیوں سے باہر نکالنے کے اعلان کے بعد مسلم لیگ (ن)کے صدر اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی
اورسابق وزیراعلیٰ حمزہ شہباز شریف سے مشاور ت کے بعد اتوار کو اہم مشاورتی اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں صوبائی اسمبلی کو ٹوٹنے سے بچانے کیلئے وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرانے پر مشاورت کی جائیگی ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا حمزہ شہبازشریف اور دیگر سینئرز ہنمائوں سے عمران خان کی تقریر کے بعد رابطہ ہوا جس میں پنجاب میں عدم اعتماد کی تحریک لانے پر ابتدائی بات چیت کی گئی اور یہ فیصلہ کیاگیاکہ پیر کو پنجاب اسمبلی میں (ن)لیگ اور اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کر کے وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع کرانے کافیصلہ کیا جائیگا ۔عدم اعتماد کی تحریک جمع ہونے کے بعد صوبائی اسمبلی نہیں توڑی جاسکے گی ۔