اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں سکھر-ملتان موٹروے پر ڈاکوؤں نے گاڑیوں پر فائرنگ کرتے ہوئے 10 افراد کو اغواء کر لیا تھا جن کی 5 روز کے بعد ویڈیو بنا کر جاری کر دی گئی ہے اور ان کی رہائی کیلئے مطالبات بھی رکھے گئے ہیں، اس واقعہ کے دوران3 افراد زخمی بھی ہوئے تھے ۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے ویڈیو میں مغوی افراد سے ڈی پی او رحیم یار خان کیلئے پیغام جاری کروایاہے ، مغوی افراد کا کہناتھا کہ ڈی پی او رحیم یارخان سے اپیل ہے کہ ان کے ساتھی منیر ایندھڑ کو چھوڑ دیں، اس کی سزا پوری ہو گئی ہے ، ہم وہ سی پیک والے 11 لوگ ہیں جنہیں اغواء کیا گیاہے ، اگر اسے چھوڑا نہیں گیا تو ہمیں مار دیا جائے گا۔یاد رہے کہ جنوبی پنجاب کے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی) کامران خان نے اخبار’’ ڈان نیوز‘‘ کو بتایا تھا کہ 20 سے 25 کے درمیان مشتبہ افراد نے موٹروے پر گاڑیوں پر حملہ کیا۔ واقعے میں3 افراد زخمی ہوئے، ان میں سے 2 کو معمولی زخم آئے، اس لیے انہیں طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا، جبکہ ایک مریض کمر اور ٹانگ میں گولی لگنے کے باعث ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ایڈیشنل آئی جی خان نے مزید کہا کہ ملزمان نے جائے وقوع سے 10 افراد کو اغواء کیا تاہم کوئی پیسہ یا قیمتی سامان نہیں لوٹا گیا۔