واشنگٹن (این این آئی )امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل مارک ملی نے کہا کہ یوکرین میں روس کو بڑا نقصان ہوا ہے اور اس تنازع میں اب تک روس کے ایک لاکھ فوجی ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا یوکرین کی مسلح افواج کو بھی شاید اسی سطح کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
جنرل مارک ملی نے نیویارک اکنامک کلب سے گفتگو میں کہا ہے کہ آپ ایک لاکھ سے زیادہ روسی فوجیوں کو دیکھیں جو ہلاک اور زخمی ہو گئے۔ شاید یوکرین کی طرف بھی ایسا ہی ہے۔ وہاں بہت زیادہ انسانی مصائب کا سامنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فروری میں روسی جارحیت شروع ہونے کے بعد سے اس تنازعے میں 40,000 یوکرینی شہری مارے جا چکے ہیں۔روسی وزیر دفاع سرگئی شوئیگو نے اپنی افواج کو دریائے دنیپرو کے مغربی کنارے سے انخلا اور جنوبی یوکرین کے شہر کھیرسن کے قریب یوکرین کے حملوں کا سامنا نہ کرنے کا حکم دیا۔ روسی فوج کی دستبرداری کے بعد یوکرینی صدر زیلنسکی نے کھیرسن میں اپنے 4 فوجی محکمے قائم کرنے کی ہدایت کردی۔مبصرین نے اسے روس کے سب سے بڑے انخلا سے تعبیر کیا اور کہا کہ یہ انخلا 9 ماہ سے جاری جنگ میں ایک اہم موڑ بن سکتا ہے۔روسی افواج کے کمانڈر انچیف جنرل سرگئی سرووکن نے ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی تقریر میں کہا کہ کھیرن شہر کو رسد پہنچانا اب ممکن نہیں رہا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ انہوں نے دریا کے مشرقی کنارے پر دفاعی خطوط قائم کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔یہ خبر شہر پر یوکرین کی کئی ہفتوں کی پیش قدمی اور اس کے ایک لاکھ سے زیادہ مکینوں کو ملک بدر کرنے کی روس کی کوششوں کے بعد سامنے آئی۔