اسلام آباد(صباح نیوز ٗ آ ن لائن )تحریک انصاف نے ستمبر کے آخری ہفتے میں لانگ مارچ کا فیصلہ کر لیا۔ پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق اس بار عمران خان پشاور کے بجائے لاہور سے لانگ مارچ کی قیادت کریں گے۔عمران خان کی قیادت میں لانگ مارچ اسلام آباد پہنچے گا۔عام انتخابات کا اعلان ہونے تک
اسلام آباد میں دھرنا دیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی اجلاس میں لانگ مارچ کی طرف بڑھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے شہباز گل کی بنی گالہ میں گزشتہ روز ملاقات ہوئی۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، شہباز گل نے جیل میں گزرے وقت پر عمران خان سے تفصیلی بات کی، عمران خان نے شہباز گل پر تشدد کی سخت مذمت کی، عمران خان نے کہا کہ یہاں کوئی جنگل کا قانون ہے کہ تھانے میں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جائے، ایسا تو بنانا ری پبلک میں بھی نہیں ہوتا۔سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میرے ساتھیوں کے ساتھ برا سلوک امپورٹڈ حکومت کی بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے، چیئرمین تحریک انصاف نے شہباز گل کو فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کی ہدایت کی ۔