اسلام آباد،لاہور (این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل کی درخواستِ ضمانت کی سماعت 15 ستمبر تک ملتوی کر دی۔دورانِ سماعت اسپیشل پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ بتایا گیا تھا کہ 14 ستمبر کو سماعت ہے، اب منگل کو سماعت رکھ لیں۔
شہباز گِل کے وکیل نے عدالتِ عالیہ سے استدعا کی کہ لاہور سے اس کیس کے لیے آئے ہیں، منگل کو نہیں پھر سماعت 15 ستمبر کو رکھ لیں۔بعد ازاں شہباز گل کیخلاف فوجداری کارروائی کی درخواست، 30 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی ۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے شہبازگِل کے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے درخواستِ ضمانت پر دلائل 15 ستمبر کو طلب کر لیے۔دوسری جانب احتساب عدالت نے پیرا گون ہائوسنگ سوسائٹی کیس میں خواجہ برادران کے خلاف ریفرنس کی سماعت 23ستمبر تک ملتوی کردی ۔ احتساب عدالت میںپیراگون ہائوسنگ سوسائٹی کیس میں خواجہ برادران کے خلاف ریفرنس کی سماعت ہوئی ، جس میں خواجہ سعد اور خواجہ سلمان رفیق نے حاضری مکمل کروائی۔ملزمان کے وکیل نے دوران سماعت عدالت کو بتایا کہ اشتہاری ملزمان ندیم ضیا پیزادہ اور فرحان علی شامل تفتیش ہوچکے ہیں۔ نیب نیا ریفرنس دائر کرنا چاہتا ہے یا نہیں جب کہ شامل تفتیش ہونے ہونے والے ملزمان نے بیان حلفی دیا ہے۔ملزمان کے بیان حلفی کے مطابق متاثرین کے ساتھ معاملات طے پا چکے ہیں۔تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ متاثرین سے ویری فکیشن کے لیے مہلت فراہم کی جائے، جس پر عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ریفرنس پر سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کردی۔