دبئی (این این آئی)ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے میچ میں سری لنکا کیخلاف پاکستانی کھلاڑیوں کی جانب سے ریویو لینے پر کپتان بابر اعظم کو یاد دہانی کروانا پڑی کہ کپتان میں ہوں۔آئی سی سی قوانین کے مطابق کھلاڑیوں کی جانب سے آئوٹ کی اپیل پر اگر امپائر آٹ نہ
دے تو کپتان کو ریویو لینے کا اختیار ہے۔’گزشتہ شب پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے میچ کی ایک دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے جس میں کپتان بابر اعظم ریویو پر نظر انداز کیے جانے پر فیلڈ امپائر اور کھلاڑیوں کو یاد دلا رہے ہیں کہ ٹیم کا کپتان میں ہوں۔رپورٹ کے مطابق پاکستان کی فیلڈنگ کے دوران 16ویں اوور میں حسن علی کی گیند پر کیچ کی اپیل کی گئی اور کھلاڑیوں سمیت وکٹ کیپر محمد رضوان نے جلدی سے ریویو کا اشارہ کر دیا۔فیلڈ امپائر انیل چوہدری نے بھی بابراعظم سے پوچھنے یا قومی کپتان کی جانب سے آنے والے کسی ردِ عمل سے قبل ہی تھرڈ امپائر سے ریویو کا کہہ ڈالا۔یہ دیکھتے ہوئے بابر نے حیرانی سے اپنے جذبات پر قابو پاتے ہوئے انہیں 2 بار کہا کہ میں کپتان ہوں، اس واقعہ کے دوران بابر کے چہرے پر ہلکی سی مسکراہٹ بھی تھی جبکہ رضوان بھی ہنس رہے تھے۔بعد ازاں بابر اعظم خود چل کر امپائر کے پاس پہنچے اور انہیں ریویو لینے کا اشارہ کیا تاہم قومی ٹیم کا ریویو ضائع ہو گیا۔میچ کے دوران اس ہلکے پھلکے مزاحیہ لمحے پر میمز بھی بننے لگیں جس میں بابر اعظم کو ہنسی مذاق میں ایک مظلوم کپتان کے طور پر پیش کیا جانے لگا ۔