اسلام آباد( آن لائن ) پمز اسپتال کے میڈیکل بورڈ نے پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل کو فوری ڈسچارج نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،ذرائع کے مطابق شہباز گل جمعے کی صبح تک پمز اسپتال میں زیر علاج رہیں گے، اْن کے بعض ٹیسٹوں کی رپورٹس رات گئے
موصول ہوں گی۔میڈیکل بورڈ شہباز گل کے تمام ٹیسٹوں کی رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد چھٹی دینے کا فیصلہ کرے گا۔قبل ازں اسلام آباد کے پمز اسپتال (پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز) کے چار سینئر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم نے شہبازگل کا طبی معائنہ کرنے کے بعد رپورٹ مرتب کی جس میں بتایا گیا تھا کہ ہباز گل کو بچپن سے سانس کا مسئلہ ہے اور وہ ضرورت پڑنے پر برونکڈیلٹر استعمال کرتے ہیں، انہیں سانس لینے میں مسئلہ ہے اور جسم میں کاندھے، گردن اور چھاتی کے بائیں جانب درد محسوس کررہے ہیں۔ڈاکٹرز نے بتایا تھا کہ شہباز گل کی گزشتہ رات ای سی جی رپورٹ بہتر نہ تھی ، ان کے دل کی دھڑکنیں رات تیز تھی ،بعض اوقات بے چینی بڑھنے سے بھی دل کی دھڑکنیں تیز ہو جاتی ہیں اور سانس لینے میں مشکلات آجاتی ہیں، دوبارہ ای سی جی کی جائے گی۔پمز میڈیکل بورڈ نے رپورٹ میں سفارش کی کہ ملزم کی صحت کے لحاظ سے اس کا مزید معائنہ کرنا ہوگا۔ تفتیش افسر نے میڈیکل رپورٹ اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں جمع کرادی۔