اسلام آباد (آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کو اڈیالہ جیل میں چیف آف اسٹاف شہباز گل سے ملاقات سے روک دیا گیا۔ ملاقات کے لئے آنیوالے وفد میں عامر ڈوگر، علی نواز اعوان، عمر ایوب خان اور راجہ خرم نواز شامل تھے۔ اڈیالہ جیل کے
باہر میڈیا سے گفتگو میں عمر ایوب خان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے جیل انتظامیہ نے شہبازگل سے ملاقات نہیں ہونے دی، رانا ثنا اللہ کے حکم پر شہباز گل کا چیک اپ ہو رہا ہے، ہمیں خدشہ ہے کہ شہباز گل پر تشدد کیا گیا ہے۔سابق وفاقی وزیر عمر ایوب نے کہا کہ پتا چلا ہے کہ شہباز گل کو اسلام آباد کی ٹیم لے کر جا رہی ہے، خدشہ ہے کہ راستے میں شہباز گل پر تشدد ہو گا۔عمر ایوب نے دعویٰ کیا کہ جیل انتظامیہ نے بتایا ہے کہ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ یہاں آرہی ہے۔رہنما تحریک انصاف عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ کے حکم پر ہماری ملاقات نہیں ہونے دی گئی۔علی نواز اعوان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور مریم نواز جیل میں تھے تو روز ن لیگ والے ملاقات کرتے تھے، شہباز گل پر تشددکیا گیا ہے اور اب طبی معائنے کا بہانہ بنایا جا رہا ہے۔ ہمیں بتایا گیا ہے کہ شہباز گل کو ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے، مریم نواز آج بھی اپنے والد کی عیادت کے لیے ضمانت پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز گل نے عدالت کو بتایا تھا کہ ان کو نا معلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے، نواز شریف لندن گئے ہوئے ہیں ایسے بیانیہ نہیں بنتے ہیں۔ علی نواز اعوان نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثنا اللہ جب جیل جائیں گے تو ان سے بھی ایسا ہی رویہ ہو گا۔