اسلام آباد(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی گرفتاری کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں پولیس اہلکار یونیفارم میں دیکھے جاسکتے ہیں، اس سے قبل پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا تھا کہ شہباز گل کو سادہ کپڑوں
میں ملبوس لوگ لے گئے۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے سکیورٹی اہلکار شہباز گل کو گاڑی سے باہر آنے کا اشارہ کر رہے ہیں، پی ٹی آئی رہنما کے باہر نہ آنے پر گاڑی کا شیشہ توڑا گیا۔ویڈیو میں گاڑی کا شیشہ ٹوٹنے کے بعد شہباز گل کو باہر آتے دیکھا جاسکتا ہے،پی ٹی آئی کے دعوے کے بر عکس شہباز گل کو نہ گھسیٹا جا رہا ہے اور نہ ہی تشددکیا گیا،سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق شہباز گل پولیس اہلکاروں کے ساتھ چلتے ہوئے گاڑی میں جاکر بیٹھے،اس کے علاوہ شہباز گل کے ڈرائیور کا بھی تشدد کا دعویٰ جھوٹا ثابت ہوگیا۔سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق شہباز گل کے ڈرائیور پر کسی قسم کا تشدد نہیں کیا گیا،پی ٹی آئی رہنما کے اترنے کے بعد ڈرائیور کو گاڑی آرام سے سائیڈ پر لگاتے دیکھا جاسکتا ہے۔خیال رہے کہ اسلام آباد پولیس نے گزشتہ روز شہباز گل کو بنی گالا کے علاقے سے گرفتار کیا تھا اور ان پر غداری کی دفعات کے تحت تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کیا گیا۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے ڈرائیور کے بیان میں بھی تضاد بے نقاب ہو گیا۔گزشتہ روز شہباز گل کی گرفتاری کے بعد ان کے ڈرائیور نے پہلے گاڑی کے ساتھ کھڑے ہو کر اپنی گردن پر زخم دکھائے تاہم ہاتھ پر چوٹ کا کوئی ذکر نہیں کیا۔پھر دوسری ویڈیو بنوائی جس میں ڈرائیور نے ہاتھ پر پٹی
بھی باندھ لی اور بیان بھی بدل لیا لیکن دوسری ویڈیو میں ڈرائیور نے گردن کے زخم کی بات نہیں کی اور دعویٰ کیا کہ اسے کلاشنکوف کے بٹ کمر پر مارے گئے۔تاہم واقعے کی سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج نے شہباز گل کے ڈرائیور کے تشدد کے جھوٹے بیانات کو بے نقاب کر دیا۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہباز گل کے اترنے کے بعد ڈرائیور نے آرام سے گاڑی سائیڈ پر لگائی اور ڈرائیور پر کسی قسم کا تشدد بھی نہیں کیا گیا۔