پاکستان تیزی سے پانی کی کمی کا شکار ہو رہا ہے،الارمنگ صورتحال پیدا ہو گئی
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان تیزی سے پانی کی کمی کا شکار ہو رہا ہے،
بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے الارمنگ صورتحال پیدا ہوگئی ہے، ہمیں ڈیم بناکر پانی ذخیرہ کرنا ہوگا۔اسلام آباد میں
نیشنل واٹر پالیسی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ پاکستان تیزی سے پانی کی
کمی کا شکار ہو رہا ہے، صرف نو سال پہلے فی کس نو سو گیلن پانی موجود تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی
کی وجہ سے الارمنگ صورتحال پیدا ہوگئی ہے، ہمیں ڈیم بناکر پانی ذخیرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں وقت پر ڈیم بنانے
چاہئے تھے جو نہیں بن سکے نتیجے میں ہم پانی کا ذخیرہ نہیں کر سکے، حکومت کو اس جانب توجہ دینا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کچھ سالوں میں ملک کی آبادی 30کروڑ تک پہنچ جائیگی اور آنیوالے وقتوں میں ہمیں مزید پانی کی
قلت کا سامنا کرناپڑے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبوں کے درمیان پانی پر جھگڑے ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک
میں پانی کے میٹر لگے ہوئے ہیں لیکن پاکستان میں پانی مفت فراہم کیا جاتا ہے، اس وقت ملک میں پانی کی قلت کہیں 50تو کہیں 60فیصد ہے۔