لاہور(این این آئی)حکومت نے 25 دن میں 11 ارب 33 کروڑ سے زیادہ رقم غربا ء اور مستحقین کو تقسیم کردیئے۔حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر غربا ء و مستحقین کو 2 ہزار روپے حکومتی سبسڈی کا اعلان کیا گیا تھا۔اعداد و شمار کے مطابق وزیراعظم
شہبازشریف کی جانب سے سبسڈی کے اعلان کے تحت مجموعی طور پر 38 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، اور 20 جون سے 15 جولائی تک 25 روز میں 11 ارب 33 کروڑ سے زیادہ رقم غربا ء اور مستحقین کو دی گئی۔اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ اب تک 57 لاکھ گھرانوں کو 2 ہزار روپے فی خاندان فراہم کر دیئے گئے ہیں، اور سبسڈی کی رقم بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کے تحت بینکوں کے ذریعے دی گئی۔سرکاری اعداد وشمار کے مطابق پنجاب میں سبسڈی کے طور پر 5 ارب 52 کروڑ 94 لاکھ روپے فراہم کئے گئے، صوبہ پنجاب میں 25 لاکھ خاندان سبسڈی کی رقم سے مستفید ہوئے، سندھ میں 3 ارب 51 کروڑکی رقم 17 لاکھ گھرانوں نے حاصل کی۔ خیبر پختونخوا ہ میں 2 ارب 12 کروڑ تقسیم ہوئے، اور 10 لاکھ گھرانوں تک یہ رقم پہنچی۔ جب کہ بلوچستان میں 44 کروڑ کی رقم تقسیم کی گئی اور 22 ہزار خاندان کو رقم پہنچائی گئی۔اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ گلگت بلتستان میں 8 کروڑ 89 لاکھ روپے مستحقین کو دیئے گئے،44 ہزار خاندان کوفائدہ پہنچا، آزاد کشمیرمیں 51 ہزار خاندانوں کو 10 کروڑ روپے کی رقم ملی، وفاقی دارالحکومت کے ساڑھے 18 سو گھرانوں نے اب تک 3 کروڑ، 71 ہزار روپے لے لئے۔اعداد و شمار کے مطابق بے نظیر انکم اسپورٹ پروگرام کے 80 لاکھ رجسٹرڈ خاندانوں میں سے 55 لاکھ گھرانوں کو سبسڈی کی اضافی رقم ملی۔بی آئی ایس پی کے 80 لاکھ اور باقی ضرورتمند 60 لاکھ خاندانوں کو سبسڈی کی مد میں امداد فراہم کی جائے گی، اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے علاوہ 60 لاکھ عام گھرانوں کے لئے 786 پر رجسٹریشن جاری ہے۔