آتشزدگی سے گدو پاور پلانٹ مکمل جل گیا، قومی خزانے کو 15 ارب کا نقصان
اسلام آبا د(این این آئی)عید کے روز آتشزدگی سے گدو پاور پلانٹ مکمل طور پر جل گیا جس سے قومی خزانے کو 15 ارب روپے کا نقصان ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق عید کی رات گدو پاور پلانٹ میں آگ لگنے سے 747 میگا واٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی اور آگ سے قومی خزانے کو
15 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ذرائع کے مطابق آتشزدگی سے گدو پاور پلانٹ مکمل طور پر جل گیا جس کی بحالی میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق گدو پاور پلانٹ میں آگ بجھانے کے آلات نہیں تھے اور پاور پلانٹ میں آتشزدگی کے وقت عملہ ڈیوٹی پر موجود نہیں تھا،
چیف انجینئر کی سربراہی میں 4 رکنی ٹیم نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔سینئر انجینئر گدو پاور پلانٹ کا کہنا ہے کہ
طوفانی بارش سے جنریٹرز میں پانی چلا گیا، یہ اتفاقی حادثہ تھا تاہم واقعے کی چھان بین کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پلانٹ بحال ہونے میں ایک ماہ کا وقت لگے گا، نقصان اتنا نہیں ہوا جتنا بتایا جا رہا ہے، واقعے کے ذمہ داران کا تعین بھی کیا جائے گا۔