اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ ملک میں الیکشن فوری ہونے چاہئیں تاہم الیکشنز سے پہلے ریفارمز ضروری ہیں، پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کا ایک ہی ایجنڈا ہے یہ دونوں جماعتیں عوام کی بہتری نہیں چاہتیں۔
انتخابات میں اسٹیبلشمنٹ کے کردار کو ختم کرنا ضروری ہے۔امیر جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم غریب عوام کیلئے ٹرین مارچ کر رہے ہیں۔ٹرین مارچ کی روانگی سے قبل کینٹ اسٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ اس وقت پاکستان جل رہا ہے، فصلیں اور کاروبار تباہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ جن کے پاس پیسہ ہے، وہ بیرونِ ملک بھاگ رہے ہیں، ان کی کھائو پیو سیاست ہے۔سراج الحق نے کہاکہ پی ڈی ایم ہو یا تحریکِ انصاف دونوں نے پاکستان کو آئی ایم ایف کو بیچا، یہ دونوں مافیاز کی پناہ گاہیں ہیں۔انہوںنے کہاکہ ان جماعتوں کا آپس میں نا اہلی کا مقابلہ ہے، یہ سب کرپٹ، لینڈ مافیا اور ڈرگ مافیا کے سرپرست ہیں۔امیر جماعتِ اسلامی نے سوال اٹھایا کہ لوگ اپنے بچوں کو کھلا نہیں سکتے، تعلیم کیسے دلوائیں، بل کیسے ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ الیکشن میں کروڑوں روپے خرچ کر کے، اسمبلیوں میں جاتے ہیں اور پھر پیسے کماتے ہیں۔جماعتِ اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق کا کہنا ہے کہ کشمیر کو بیچنے میں پی ڈی ایم اور تحریکِ انصاف شامل ہیں۔