اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اٹلی کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی دو کشتیاں ڈوبنے کے نتیجے میں پاکستانیوں سمیت درجنوں افراد لاپتہ ہو گئے، جبکہ متعدد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔بین الاقوامی خبر ایجنسیوں کے مطابق ان میں سے ایک کشتی میں پاکستان، اریٹیریا اور سومالیہ کے 85 شہری سوار تھے جو یورپ پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے۔ حادثے میں اب تک دو ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ 11 افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔ ریسکیو ٹیمیں سمندر میں لاپتہ افراد کی تلاش میں مسلسل سرگرم ہیں۔
اطالوی کوسٹ گارڈ کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ کشتیوں کا زیادہ بوجھ اور خراب موسم بتایا جا رہا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں امدادی کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں اور بحیرہ روم کی سمندری گزرگاہوں پر نگرانی سخت کر دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق تقریباً دو ماہ قبل بھی جنوبی اٹلی کے قریب اسی نوعیت کے دو حادثات پیش آ چکے ہیں جن میں کئی تارکین وطن ہلاک ہو گئے تھے۔ اقوامِ متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق 2014 سے اب تک بحیرہ روم عبور کرنے کی کوشش میں 32 ہزار سے زائد تارکین وطن زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔