اسلام آباد (نیوز ڈیسک)رمضان المبارک کے دوران تعلیمی اداروں کے اوقات کار میں ردوبدل کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پاکستان میں رمضان 18 یا 19 فروری 2026 سے شروع ہو سکتا ہے، جس کا حتمی اعلان چاند دیکھنے کے بعد کیا جائے گا۔پنجاب اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق رمضان کے مہینے میں اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی کا فیصلہ طلبہ، اساتذہ اور دیگر عملے کو روزے کے دوران سہولت فراہم کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے مجوزہ شیڈول پر غور مکمل کر لیا گیا ہے۔
ممکنہ نئے اوقات کار کے تحت سنگل شفٹ اسکولز میں پیر سے جمعرات تک تدریسی سرگرمیاں صبح 8 بج کر 30 منٹ سے دوپہر 1 بجے تک جاری رہیں گی، جبکہ جمعہ کے روز اسکول ساڑھے بارہ بجے تک کھلے رہیں گے۔ڈبل شفٹ اسکولوں کے لیے مجوزہ اوقات کے مطابق پہلی شفٹ صبح 8:30 سے 12:30 تک ہوگی، جبکہ دوسری شفٹ دوپہر 1 بجے سے شام 4 بجے تک چلائی جائے گی۔ جمعہ کے روز دوسری شفٹ کے اوقات میں تبدیلی کرتے ہوئے اسے 2:30 بجے سے 5 بجے تک رکھا جائے گا۔واضح رہے کہ اس وقت صوبے میں اسکولوں کے معمول کے اوقات صبح 8:45 سے دوپہر 1:30 بجے تک ہیں، جو 15 اپریل تک نافذ العمل رہیں گے۔دوسری جانب والدین کی جانب سے موجودہ تاخیر سے شروع ہونے والے اوقات پر تحفظات سامنے آئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اسموگ کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد اسکول ٹائم میں مزید تاخیر کی کوئی ضرورت نہیں، لہٰذا حکومت فوری طور پر اوقات کار میں تبدیلی کرے۔تاہم محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کسی نئے شیڈول کے باضابطہ نفاذ کا اعلان نہیں کیا گیا۔















































