اسلام آباد(نیوزڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے ایم سی بی بینک کے کارڈ استعمال کرنے والے مسافروں کے لیے فضائی ٹکٹوں پر خصوصی رعایتی آفر متعارف کرا دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد مسافروں کو سہولت فراہم کرنا اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینا ہے۔پی آئی اے کے اعلان کے مطابق محدود مدت کے لیے ایم سی بی کے اہل کارڈز کے ذریعے ادائیگی کرنے پر مسافر ہوائی ٹکٹ کی قیمت میں 10 فیصد تک رعایت حاصل کر سکتے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ یہ سہولت 31 مارچ 2026 تک دستیاب رہے گی، تاہم فی لین دین زیادہ سے زیادہ 10 ہزار روپے تک کی رعایت دی جائے گی۔ایئر لائن کے مطابق ہر کارڈ پر ماہانہ دو ٹرانزیکشنز اس رعایت کے دائرہ کار میں آئیں گی، جبکہ رعایت کا اطلاق صرف بنیادی کرایے پر ہوگا، جس میں ٹیکس اور دیگر اضافی چارجز شامل نہیں ہوں گے۔
پی آئی اے نے واضح کیا ہے کہ یہ پیشکش تمام تاریخوں یا تمام روٹس پر لازمی طور پر لاگو نہیں ہوگی اور بعض آپریشنل وجوہات کی بنا پر اسے کسی بھی وقت محدود، معطل یا تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایئر لائن نے رعایتی آفر کی شرائط و ضوابط میں تبدیلی کا حق بھی محفوظ رکھا ہے۔واضح رہے کہ یہ سہولت صرف پی آئی اے کی سرکاری ویب سائٹ، موبائل ایپ اور منتخب بکنگ دفاتر کے ذریعے ٹکٹ خریدنے پر حاصل کی جا سکے گی۔ ایم سی بی بینک کے صارفین اس حوالے سے مزید تفصیلات بینک کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے بھی حاصل کر سکتے ہیں۔















































