لاہور، لندن (این این آئی)قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا۔بابر اعظم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر سب سے زیادہ دن رہنے والے کھلاڑی بن گئے۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان پچھلے 1025 دنوں سے ٹی 20 رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہیں، اس سے قبل یہ اعزاز ویرات کوہلی کے پاس تھا۔
وایرت کوہلی آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ میں 1013 دن تک پہلے نمبر پر رہے تھے۔انگلینڈ کے سابق کھلاڑی کیون پیٹرسن اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں، انہوں نے 729 دن تک آئی سی سی کی ٹی 20 رینکنگ کی پہلی پوزیشن پر قبضہ کر رکھا تھا۔دوسری جانب بھارتی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی آؤٹ ہونے پر غصے میں آگئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔بھارتی ٹیم ان دنوں انگلینڈ کے دورے پر ہے جہاں چار روزہ پریکٹس میچ کھیلا جارہا ہے، لیسٹر شائر کے خلاف پریکٹس میچ کے دوران ویرات کوہلی 23 رنز پر سلپ میں کیچ آؤٹ ہونے لیکن ماننے سے انکار کردیا۔اس کے بعد سابق بھارتی کپتان کو 33 رنز پر امپائر نے پھر ایل بی ڈبلیو ا?ؤٹ دیا اس فیصلے پر بھی کوہلی اعتراض کرتے ہوئے پویلین روانہ ہوئے۔واضح رہے کہ لیسٹر شائر کے خلاف پہلی اننگز میں بھارت نے اپنی ٹیم 246 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کی۔بھارت کی جانب سے سریکر بھرت 70 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ اوپنر روہت شرما 25، شبھمن گل 21 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ویرات کوہلی نے 33 رنز کی اننگز کھیلی۔لیسٹر شائر کی جانب سے رومن واکر نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔واضح رہے کہ لیسٹر شائر کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 244 رنز بنائے، بھارت نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 80 رنز بنالیے ہیں اور بھارت کو 82 رنز کی برتری حاصل ہے۔