اسلام آباد (این این آئی)حکومت نے چوہدری پرویز الٰہی کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ دینے کے بعد ایم کیو ایم کو گورنر سندھ کے ساتھ پورٹ اینڈ شپنگ کی وزارت دینے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت اور اتحادیوں کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں اور حکومت نے اپنے اتحادیوں کو بڑی آفر کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے اتحادیوں کے تحفظات کو سن لیا گیا ہے،
اور حتمی فیصلوں کے حوالے سے بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری پرزیرالہٰی اور وزیراعظم کی ملاقات حتمی فیصلے بتانے کیلئے ہی ہوئی تھی۔ وزیراعظم نے چوہدری پرویز الٰہی کو بنی گالہ بلایا گیا اور حکومت پنجاب کی وزارت اعلیٰ پرویز الٰہی کو دینے اور عثمان بزدار کو ہٹانے میں رضا مندی کا اظہار کیا۔ذرائع کے مطابق حکومت نے فیصلہ کرلیا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی آئندہ وزیر اعلیٰ پنجاب ہوں گے، اور دوسری اتحادی جماعت ایم کیو ایم کو گورنر سندھ اور پورٹ اینڈ شپنگ کی وزارت دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، بی اے پی کو وفاقی کابینہ میں حصہ دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی بڑی پیشکش کے بعد حکومتی اتحادی اپوزیشن کے ساتھ نہیں جائیں گے۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ پیر کوپاکستان تحریک انصاف کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری بیان کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے وزیراعظم عمران خان کیساتھ ملاقات کی جس میں تمام معاملات طے ہوگئے۔بیان کے مطابق (ق)لیگ نے وزیراعظم پر اعتماد کا اظہاراورحمایت کا اعلان کیا ہے۔بیان کے مطابق وزیراعلی عثمان بزدار نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم کو پیش کردیا۔ بعد ازاں معاون خصوصی شہباز گل نے بتایاکہ وزیراعظم عمران خان نے چوہدری پرویز الٰہی کو پنجاب کا وزیراعلی نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
شہباز گل نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف چوہدری پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ کے امیدوار کے طور پر سپورٹ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ (ق)لیگ نے وزیراعظم کی عدم اعتماد میں حمایت کا اعلان کر دیا۔ دریں اثناء وزیرمملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے دعویٰ کیا کہ چوہدری پرویز الٰہی کی وزیراعظم عمران خان کے ملاقات میں تمام معاملات طے ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ (ق)لیگ نے وزیراعظم پر اعتماد کا اظہاراورحمایت کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم کو پیش کردیا اور وزیراعظم عمران خان نے چوہدری پرویز الٰہی کو پنجاب کا وزیراعلیٰ نامزد کرلیا ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے دعویٰ کیا تھاکہ معاملات طے پاگئے ہیں۔ادھر مسلم لیگ ق کے رہنما اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے وزارت سے استعفیٰ دیدیا۔ترجمان (ق)لیگ کے مطابق طارق بشیرچیمہ نے استعفیٰ قومی اسمبلی کی سیٹ سے نہیں دیا ہے۔ترجمان کاکے مطابق سربراہ ق لیگ چوہدری شجاعت نے طارق بشیر چیمہ کو مستعفی ہونے کی اجازت دی ہے۔