اسلام آباد/لاہور( این این آئی)82واں یوم پاکستان آج 23مارچ ( بدھ ) کو قومی جوش و جذبے، ملی حمیت اور شایان شان طریقے سے منایا جائے گا، اس دن کی مناسبت سے وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں، تمام ڈویژنل و ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر خصوصی پروگرام منعقد کئے جائیں گے اور قومی پرچم لہرائے جائیں گے،یوم پاکستان کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں
میں 21، 21توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی ،خوشحالی کی دعائوں سے ہوگاجبکہ تحریک پاکستان کے رہنمائوں اور تقسیم برصغیر کی جدوجہد کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے اسلاف کی آخری آرام گاہوں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔ اسلام آباد میں شکرپڑیاں کی گرائونڈ میں مسلح افواج کی طرف سے شاندار پریڈ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج، فرنٹیئرکور،ناردرن لائٹ انفنٹری اور تینوں مسلح افواج کے سپیشل سروس گروپ حصہ لیں گے۔تقریب میں مختلف ممالک کے سفراء بھی شریک ہوں گے۔ پاک فضائیہ کے بیڑے میں شامل لڑاکا طیارے فضائی کرتب دکھائیں گے ، بیلسٹک اور کروز میزائل کی مکمل رینج بھی پریڈ کا حصہ ہو گی ۔اس دن کی مناسبت سے پاکستان ٹیلی وژن سمیت نجی ٹی وی چینلز پر خصوصی پروگرام نشر کئے جائیں گے۔ریڈیو پاکستان کے تمام اسٹیشنوں نے یوم پاکستان کیلئے خصوصی پروگرام تیار کئے ہیں جس کا مقصد 1940 میں منظور کی جانے والی قرار داد لاہور کی اہمیت کوا جاگر کرنا ہے جس سے قیام پاکستان کی راہ ہموار ہوئی۔ اسلا م آباد پریڈ گرائونڈ سے یوم پاکستان کی مناسبت سے مسلح افواج کی پریڈ کا آنکھوں دیکھا حال براہ راست نشر کیا جائے گا۔ملک بھر سے ریڈیو پاکستان کے نمائندے مختلف شہر وں میں یوم پاکستان کی تقریبات کے حوالے سے خصوصی رپورٹیں دیں گے۔ خبروں اور حالات حاضرہ کے چینل نے بھی طویل دورانیے کی نشریات ترتیب دی ہیںجس میں مذاکرے، ملی نغمے اور نیوز رپورٹس شامل ہوں گی۔حکومت کی جانب سے یوم پاکستان پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ۔















































