ماسکو،کیف (آن لائن ،این این آئی) روس نے انسانی بنیادوں پر یوکرین کے 2 شہروں میں عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق روس کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انسانی بنیادوں پریوکرین کے 2 شہروں ماریوپل اوروولونواخا میں عارضی جنگ بندی کی جارہی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ماریوپل اوروولونواخا میں جنگ بندی کا مقصد شہریوں کوانخلا کی سہولت دینا ہے۔اس سلسلے میں یوکرینی حکام سے بات ہوگئی ہے۔ شہریوں کے انخلا کے دوران کسی قسم کی فوجی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ماریوپل کے میئر وادیم بوئیچنکو نے روسی فوجیوں کے حملے اور ناکہ بندی کے دوران انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا تھا۔دوسری جانب یوکرین پر روسی حملے کے بعد سے اب تک 28 بچے ہلاک اور 800سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔یوکرین کی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ نے ٹی وی پر جاری بیان میں کہا کہ 24 فروری کو یوکرین پر روس کے حملے کے بعد سے اب تک کارروائیوں میں جہاں عام شہری مارے گئے وہیں ان حملوں میں 28 بچے بھی جان سے جاچکے ہیں جب کہ 800 سے زائد بچے زخمی ہوئے ہیں۔قومی سلامتی کونسل کے سربراہ نے روس سے جنگ کے دوران خواتین اور بچوں کو محفوظ راستہ دینے کی بھی اپیل کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس تمام تر صورتحال میں محفوظ راہداری کا سوال سب سے پہلا سوال ہے۔