راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) مری میں سیاحوں کو نقصان پہنچانے والا چار رکنی گروہ پکڑا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ گروہ سیاحوں کی گاڑیوں سے بیٹریاں اورٹائر چوری کرتا تھا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان جہانزیب، عامر جاوید، ساجد حسین اورراشد علی کے قبضے سے 50 ہزار روپے کی نقدی،4 بڑی بیٹریاں، اور 3 گاڑیوں کے ٹائرملے ہیں،
پولیس نے ملزمان کے زیراستعمال گاڑی بھی اپنے قبضے میں لے لی ہے، ملزمان نے تفتیش کے دوران چوری کی متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے، ملزمان مختلف مقامات پر پارک گاڑیوں سے ٹائر اور بیٹریاں چراتے تھے۔دوسری جانب سرگودھا ریجن پولیس نے 1005 مجرمان اشتہاریوں اور عدالتی مفروران سمیت 2458 قانون شکن عناصر کوگرفتار کرتے ہوئے مجموعی طور پر ساڑھے سات کروڑروپے کی ریکوری کرلی جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر دوران چیکنگ منشیات اور ناجائز اسلحہ پکڑ کر ملزمان کے خلاف 494 مقدمات درج کرلئے گئے۔زرائع کے مطابق سرگودھا ریجن کے چاروں اضلاع سرگودھا،خوشاب،میانوالی اور بھکر کی پولیس نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران 2458خطرناک ڈکیت،گینگسٹراور اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے سات کروڑ، پچیس لاکھ، پینسٹھ ہزار نو سو پانچ (7,25,65,905) روپے کا مال مسروقہ سامان و نقدی برآمد کر کے اصل مالکان کے حوالے کردیا۔ جبکہ مختلف مقدمات میں ملوث 426 اشتہاری مجرمان اور579 عدالتی مفروران کو گرفتار کرلیااسی طرح بین الصوبائی چیک پوسٹوں،داخلی و خارجی راستوں پر دوران چیکنگ بھاری مقدار میں منشیات و ناجائز اسلحہ پکڑ کر ملزماں کے خلاف 494 مقدمات درج کرلئے گئے۔جن سے 48 کلو گرام سے زائد چرس، 5752لیٹر شراب،07چالو بھٹیاں اور 791لیٹر لہن کے علاوہ 22 کلاشنکوف، 50رائفل، 68بندوق، 253پسٹل،04ریوالور، ایک عدد سٹین گن، ایک عدد کاربین، دو عدد خنجر اور 59078کارتوس برآمد کئے۔