اسلام آباد (این این آئی)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے وزیراعظم پاکستان کے خلاف ناشائستہ زبان کے استعمال پر اولمپین رشیدالحسن پر دس سالہ پابندی عائد کردی، سابق اولمپین رشید الحسن نے وزیراعظم پاکستان و پیٹرن ان چیف پاکستان ہاکی
فیڈریشن عمران خان کے خلاف توہین آمیز بیانات اور ناشائستہ زبان استعمال کی جس بارے میں صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر کی ہدایات پر سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف آصف باجوہ نے انکوائری کمیٹی تشکیل دیکر اولمپین رشید الحسن کو انکوائری کیلئے پیش ہونے کے نوٹس جاری کئے دو نوٹسز کے باوجود اولمپین رشید الحسن نے انکوائری کمیٹی کو اصالتا یا وکالتا جواب نہ دیا جس کے بعد صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن برگیڈیئر رخالد سجاد کھوکھر کی ہدایات پر پی ایچ ایف کی جانب سے سابق اولمپین پر 10 سالہ پابندی عائد کردی گئی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا اور اس کی کاپی قائمہ کمیٹی قومی اسمبلی کو بھجوا دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پی ایچ ایف کی جانب سے پاکستان سپورٹس بورڈ کو بھی بذریعہ لیٹر درخواست کی گئی کہ وہ پیمرا اور متعلقہ اداروں کو اس بابت مزید کارروائی کیلئے تحریری پیش رفت حسب ضابطہ کریں۔