لندن/کابل(این این آئی)انسانی حقوق کی تنظیموں نے کہا ہے کہ افغانستان میں طالبان نے ایک مقامی نیوز چینل کے لیے کام کرنے والے دوافغان صحافیوں کو گرفتار کر لیا ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ٹوئٹر پر طالبان سے مطالبہ کیا کہ وہ دونوں صحافیوں کو غیر مشروط طور پر فوری رہا کریں۔ادھرطالبان کے ترجمان نے بتایا کہ ان کے پاس لاپتا صحافیوں سے متعلق کوئی معلومات نہیں ہیں۔واضح
رہے کہ افغانستان میں دوسری بار اقتدار سنبھالنے پر معتدل طرز حکومت کا وعدہ کیے جانے کے باوجود طالبان نے خاص طور پر خواتین کی آزادی سمیت دیگر پر آہستہ آہستہ پابندیاں عائد کرنا شروع کردی ہیں۔مغربی ممالک کا اصرار ہے کہ اربوں ڈالر کے اثاثوں اور غیر ملکی امداد کو بحال کروانے کے لیے طالبان کو خواتین کے حقوق کا احترام کرنا ہوگا۔امداد کی بندش نے کئی دہائیوں کی جنگ سے تباہ حال ملک افغانستان میں جان لیوا انسانی بحران کو جنم دے دیا ہے۔