کراچی(این این آئی)وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہونے کہاہے کہ انسداد کورونا کی نئی مہم شروع کررہے ہیں، 12 سال سے زائد عمر کے افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ 10 ہزار سے
زائد ٹیمیں مہم میں حصہ لیں گی، ویکسین اچھی تعداد میں موجود ہے، 44 فیصد آبادی کو کورونا کی خوراکیں لگائی جاچکی ہیں، ٹیمیں جب گھر پہنچیں تو اہل خانہ تعاون کریں۔انہوں نے کہاکہ ایکسپو سینٹرز کے عملے کی تنخواہیں ایک دو روز میں مل جائیں گی، کورونا کے میگا سینٹرز پر عوام نہیں آرہے، 1 ہزار موبائل یونٹس بنائے گئے ہیں، مہم میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کو شامل کیا گیا ہے۔وزیر صحت سندھ نے کہاکہ نجی لیبارٹری سے کورونا ٹیسٹ پر شکایات موصول ہورہی ہیں، کورونا ٹیسٹ کی قیمت پر سندھ ہیلتھ کئیر کمیشن کام کررہا ہے، ہر جگہ ویکسین کے خلاف مہم چلتی ہے، ہم لوگوں کوجیلوں میں تو نہیں ڈال سکتے۔ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ ادویات کا معاملہ ڈریپ سے جڑا ہوا ہے، ادویات ساز اپنا فائدہ دیکھتے ہیں، ہمیں دواساز کمپنیوں کا ساتھ دینا ہوگا، دوا کے خام مال پر ٹیکس کم کیا جائے۔