دبئی (این این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی پلئیرز رینکنگ جاری کر دی ہے، پاکستان کے کپتان بابر اعظم کی ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی رینکنگ میں تنزلی ہوئی ہے۔آئی سی سی کی جاری کردہ کردہ نئی ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں انگلینڈ کے کپتان جو روٹ کا پہلا نمبر برقرار ہے،
آسٹریلیا کے مارنوس لابو شین کیرئیر کی بہترین رینکنگ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ تیسرے اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن چوتھے نمبر پر چلے گئے ہیں،قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ایک درجے تنزلی کے بعد نویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔بیٹنگ میں محمد رضوان کا 18 واں، فواد عالم کا 20 واں اور عابد علی کا 22 واں نمبر ہے، بولنگ میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز پہلے نمبر پر برقرار ہیں، پاکستان کے شاہین آفریدی کا تیسرا نمبر ہے، حسن علی کا 10 واں، ساجد خان 52 درجے بہتری کے ساتھ 49 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔آل رؤنڈرز میں ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر کا پہلا نمبر ہے، ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی فہرست میں انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان پہلے نمبر پر موجود ہیں، جنوبی افریقاکے ایڈن مارکرم دوسرے جبکہ بابر اعظم ایک درجے تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں، حیدر علی 88 درجے ترقی پانے کے بعد 98 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔بولرز میں پہلا نمبر سری لنکا کے وانندو ہسارنگا کا ہے، شاداب خان ٹاپ ٹین میں آ گئے ہیں، پانچ درجے ترقی کے بعد ان کا 9 واں نمبر ہے، حارث روف تین درجے ترقی کے بعد 19 ویں اور محمد نواز 29 درجے ترقی کے بعد 54 ویں نمبر پر آ گئے۔آل راؤنڈرز کی فہرست میں پہلا نمبر افغانستان کے محمد نبی کا ہے۔