اسلام آباد ( آن لائن)پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے اصرار پر پیپلز پارٹی نے پارلیمنٹ میں قانون سازی کے دوران دھوکہ دینے والے دلاور گروپ سے جان چھڑانے کا فیصلہ کیا ہے،دلاور خان گروپ اپوزیشن کے ساتھ تھا مگر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس اور سینیٹ اجلاس کے
دوران قانون سازی میں اس گروپ نے حکومت کا ساتھ دیا جس کی وجہ سے سینیٹ میں اکثریت کے باوجود اپوزیشن کو قانون سازی میں شکست ہوگئی کیونکہ دلاور خان گروپ کے چھ اراکین نے 4 بلز کی منظوری کے دوران حکومت کا ساتھ دیا تھا ،ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل بڑی جماعتوں ن لیگ اور جے یو آئی (ف) نے پیپلز پارٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ اس دھوکہ باز گروپ سے جان چھڑائے جو بظاہر پیپلز پارٹی کے ساتھ لیکن اندر حکومت کا ساتھی ہے،پی ڈی ایم میں کا یہ بھی موقف ہے جب ہم نے یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مان لیا ہے تو اب کس بات کا خطرہ ہے اس لئے اس گروپ سے جان چھڑائی جائے پوری اپوزیشن سینیٹ میں یوسف رضا گیلانی کے ساتھ ہوگی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے اس مطالبے کے بعد دلاور خان گروپ سے چھٹکارا حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس گروپ سے وضاحت طلب کرنے کے بعد ان سے راستے جدا کر دیئے جائیں گے۔