لندن(این این آئی)برطانوی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ ایف 35 لڑاکا طیارہ جسے دنیا کا جدید ترین اور مہنگا ترین قرار دیا جاتا ہے بحیرہ روم کے اوپر سے معمول کے مطابق ٹیک آف کرنے اور اڑنے کے بعد گر کر تباہ ہو گیا۔ یہ طیارہ برطانوی طیارہ بردارایچ ایم سی ملکہ الزبتھ پر تھا۔ حادثے میں پائلٹ محفوظ رہا۔برطانوی میڈیا نے وزارت دفاع کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ پائلٹ کو
پانی سے نکال کر کیرئیر پر واپس کر دیا گیا ہے۔ حادثے کے پیچھے کوئی دشمنانہ کارروائی نہیں ہے۔ اس کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ یہ تکنیکی یا انسانی غلطی کا نتیجہ ہوسکتی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے بارے میں اس وقت مزید تبصرہ مناسب نہیں۔ یہ امریکی ساختہ جہاز ہے۔ اس کی قیمت 100 ملین پائونڈ یا تقریبا 135 ملین ڈالر ہے۔