اسلام آباد (نیو ز ڈیسک) بھارتی ڈانس اسٹار نورا فتحی ایک سنگین ٹریفک حادثے کا شکار ہوئیں، جس کے باعث مداحوں میں گہری تشویش پھیل گئی۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب نورا فتحی اپنی ٹیم کے ساتھ امریکا میں عالمی شہرت یافتہ ڈی جے ڈیوڈ گوئٹا کے کنسرٹ کی طرف جا رہی تھیں۔ راستے میں ایک تیز رفتار گاڑی نے ان کی کار کو شدت سے ٹکر مار دی، جس سے گاڑی کا ایک حصہ بری طرح متاثر ہوا۔حادثے کے وقت نورا پچھلی نشست پر موجود تھیں، مگر جھٹکے کے باعث ان کا سر زور سے اگلی سیٹ سے جا ٹکرایا، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئیں۔ انہیں فوری طور پر ایمرجنسی وارڈ منتقل کیا گیا، جہاں ان کا فوری سی ٹی اسکین کیا گیا۔
ڈاکٹرز کے مطابق نورا فتحی کو شدید دماغی جھٹکا (concussion) لگا اور انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا گیا۔ تاہم اس کے باوجود نورا نے ہسپتال سے فارغ ہوتے ہی کنسرٹ پہنچنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ وقت پر سن برن فیسٹیول 2025 کے اسٹیج پر پرفارم کیا۔ان کی اس ہمت اور پیشہ ورانہ ذمہ داری نے مداحوں کو بے حد متاثر کیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں “آئرن لیڈی” کا لقب دیا جا رہا ہے۔حادثے میں تباہ ہونے والی گاڑی کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، جنہیں دیکھ کر اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ معاملہ بہت زیادہ خطرناک رخ بھی اختیار کر سکتا تھا۔رواں سال نورا فتحی کے لیے کامیابیوں سے بھرپور ثابت ہو رہا ہے۔ وہ امریکا کے مشہور جمی فالن شو میں پرفارمنس دے کر عالمی سطح پر داد سمیٹ چکی ہیں، جبکہ فلمی دنیا میں بھی وہ ساؤتھ انڈین فلموں ’کنچنا 4‘ اور ’کے ڈی: دی ڈیول‘ میں اپنی موجودگی درج کرا چکی ہیں۔اس کے علاوہ ان کی ویب سیریز دی رائلز بھی شائقین میں کافی مقبولیت حاصل کر رہی ہے۔















































