کابل (مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)طالبان نے شمالی افغانستان میں مبینہ طور پر درجنوں خواتین کو فروخت کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ملزم ان خواتین کو پیسوں اور امیر شخص سے شادی کا جھانسا دے رہا تھا۔طالبان کے
صوبائی پولیس سربراہ دام اللہ سیراج نے کہا کہ ملزم کو شمالی صوبے جوزجان میں گرفتار کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم تاحال تفتیش کے ابتدائی مراحل میں ہیں اور ہمیں امید ہے کہ اس کیس میں مزید تفصیلات حاصل ہوں گی۔جوزجان میں ضلعی پولیس کے سربراہ محمد سردار مباریز کا کہنا تھا کہ ملزم ان غریب خواتین کو ہدف بناتا تھا جو اپنی حالت بہتر بنانے کے لیے پریشان رہتی تھیں۔انہوں نے ملزم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ خواتین کو دولت مند آدمی سے شادی کا کہتے تھے اور انہیں لے کر مختلف صوبوں میں چلے جاتے ہیں اور وہاں ان کو فروخت کرتا تھا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ افغانستان میں جرائم، اقرباپروری اور کرپشن کوئی نئی بات نہیں تاہم رواں برس طالبان کی جانب سے حکومت سنبھالنے کے بعد بڑھتی ہوئی غربت سے لوگ پریشان ہیں۔