لاہور(این این آئی) بابا گورو نانک کے 552ویں جنم دن میں شرکت کے لیے بھارت سے 3ہزار کے قریب سکھ یاتری کل بروز ( بدھ ) کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان داخل ہوں گے ،جہاں چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر عامر احمد پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کے
پردھان سردار امیر سنگھ ،ایڈیشنل سیکرٹر ی رانا شاہد ،ڈپٹی سیکرٹری عمران گوندل و دیگر سکھ رہنماء انکا پر تپاک استقبال کریں گے ۔بورڈ ترجمان کے مطابق پاکستان پہنچنے کے بعد مہمانوں کو ننکانہ صاحب روانہ کر دیا جائے گا ،جہاں جنم دن کی مرکزی تقریب مورخہ 19نومبر کو منعقد ہو گی جس میں دنیا بھر سے آئے سکھ یاتری شرکت کریں گے ۔بورڈ چیئرمین ڈاکٹر عامر احمد کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی وزیر مذہبی امور کی ہدایا ت کی روشنی میں بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے مہمانوں کی سیکورٹی سمیت دیگر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ۔پردھا ن سردار امیر سنگھ کا کہنا ہے کہ حکومت اور ٹرسٹ بورڈ انتظامیہ نے جنم دن کی تقریبا ت کے حوالے سے بہترین انتظامات کر رکھے ہیں ۔بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری رانا شاہد نے بتایا کہ مہمانوں کو بہترین سیکورٹی ٹرانسپورٹ و دیگر سہولیات دی جائیں گی اس ضمن میں بورڈ کے افسران اور سیکورٹی عملہ انکی خدمت کے لیے دن رات معمور رہے گا ۔