اسلام آباد( آن لائن) سابق چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار پر الزامات کے بعد اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے غیر ملکی دورہ منسوخ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کی جانب سے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار پر الزامات سامنے آنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے اپنا غیر ملکی دورہ منسوخ کر دیا ہے۔
اٹارنی جنرل نے بتایا کہ اس معاملے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے وزیر اعظم کی ہدایت پر دورہ منسوخ کر لیا ہے۔اٹارنی جنرل خالد جاوید آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے، انھیں اس کیس کے سلسلے میں عدالت نے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔خالد جاوید خان کو گزشتہ رات سرکاری دورے پر بیرون ملک روانہ ہونا تھا، اٹارنی جنرل نے بین الاقوامی قانونی معاہدے کے لیے بیرون ملک جانا تھا۔